بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا؛ چین کے شہر شینزین (Shenzhen) میں ڈونلڈ ٹرمپ، ولادیمیر پیوتن اور شی جن پنگ کے درمیان ملاقات کے سرکاری اعلان کے بعد، کچھ تجزیہ کاروں نے "یالٹا کانفرنس" (Yalta Conference) کی یاد تازہ کرتے ہوئے عندیہ دیا تھا کہ مذاکرات کے نتیجے میں عالمی نظام میں ایک بار پھر تبدیلی آ سکتی ہے؛ اور ممکنہ طور پر ایسے اقدامات عمل میں لائے جا سکتے ہیں جو ایران کے خلاف ہوں۔
یالٹا کانفرنس 20ویں صدی کے اہم ترین سیاسی سربراہی اجلاسوں میں سے ایک تھی۔ یہ کانفرنس فروری سنہ 1945ع میں ـ دوسری عالمی جنگ کے آخری ایام میں ـ جزیرہ نما کریمیا (Crimea) کے شہر یالٹا میں منعقد ہوئی، اور اس میں تین بڑی اتحادی طاقتوں ـ امریکہ، برطانیہ اور سوویت یونین ـ کے رہنما اکٹھے ہوئے۔
تیسرا اور آخری حصہ:
ایران، روس اور چین نے نشاندہی کی کہ غیر معمولی اور پیچیدہ حالات کے باوجود، ایران نے 2026 میں بوشہر نیوکلیئر پاور پلانٹ پر ایجنسی (IAEA) کے تمام طے شدہ معائنوں کی اجازت دی ـ ایک ایسی حقیقت جس کا ذکر ڈائریکٹر جنرل کی رپورٹ میں بھی کیا گیا ہے۔
یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکہ، بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (IAEA) کے معائنہ کاروں کی ایران واپسی کے لئے شدید دباؤ ڈال رہا ہے۔ بہت سے ماہرین کا خیال ہے کہ واشنگٹن، ایران کے پاس موجود تقریباً 400 کلوگرام انتہائی افزودہ یورینیم کے ٹھکانے کے بارے میں معلومات حاصل کرنا چاہتا ہے، تاکہ کسی بھی ممکنہ طریقے سے ایران کو ان ذخائر تک رسائی حاصل کرنے سے روکا جا سکے۔
تجزیہ کاروں کی رائے کے مطابق، ان ممکنہ طریقوں میں سے سب سے اہم ان ذخائر پر پھر بھی جارحانہ حملے، شامل ہیں، اور اس کے لئے آئی اے ای اے اور اس کے ڈائریکٹر جنرل رافائل گروسی کو آلہ کار بنایا گیا ہے جبکہ اس سے پہلے بھی رافائل گروسی پر اسرائیل اور امریکہ کے لئے جاسوسی کے الزامات عائد کئے جاتے رہے ہیں۔
آخرکار، چین، امریکہ اور روس کے رہنماؤں کے درمیان ہونے والی 90 منٹ کی ملاقات، ایران کے خلاف ممکنہ جنگ یا یوکرین کے تنازع کے حوالے سے کسی ٹھوس نتیجے پر پہنچے بغیر اختتام پذیر ہوئی۔
بعض تجزیہ کاروں کے مطابق، اس ملاقات کے نتائج زیادہ نمایاں نہیں رہے؛ اور اس میں روس اور چین اصل فائدہ اٹھانے والے فریق کے طور پر سامنے آئے۔
بروکنگز انسٹی ٹیوشن میں چینی خارجہ پالیسی کی ماہر پیٹریسیا کم (Patrisia Kim) نے نشاندہی کی کہ "اس ملاقات میں کسی بڑی پیش رفت کا نہ ہونا، درحقیقت چین کے مفادات کے موافق ہو سکتا ہے، کیونکہ بیجنگ کی خواہش یہ نہیں ہے کہ وہ طاقتور ممالک کے میزبان اور منتظم (convener) کے کردار سے آگے بڑھے۔"
دریں اثنا، روس کو تنہا کرنے کی یورپی کوششیں بھی بالکل لاحاصل اور بے سود ثابت ہوئیں؛ شینزین سربراہی اجلاس میں، روس ایک بار پھر بڑی طاقتوں کی سفارت کاری کے مرکز میں دکھائی دیا؛ ایک ایسی پیش رفت جو بذاتِ خود ماسکو کے لئے ایک علامتی فتح شمار ہوتی ہے۔
البتہ یہ نکتہ بھی اہم ہے کہ اس اجلاس میں یورپ کی کوئی نمائندگی نہیں تھی حالانکہ یورپ کم از کم یوکرین کی جنگ میں بنیادی فریق سمجھا جاتا ہے اور ایران اور تائیوان کے معاملات میں امریکہ کی حمایت کرتا ہے۔ اور ٹرمپ کی یہ پالیسی قطعی طور پر عالمی سطح پر یورپ کے کردار کو شدت سے کمزور کرتا ہے۔

یالٹا کانفرنس - 1945 کے شرکاء
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بقلم: الہام معین
ترجمہ: ابو فروہ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
110
آپ کا تبصرہ